ڈئیگو پارٹیلو مازل ارجنٹائن میں پیدا ہوئے اور بوسٹن میں بسنے سے پہلے دنیا کے بیشتر ممالک میں رہ چکے ہیں۔ لاطینی یہودی راؤنڈ ٹیبل کا بانی رکن ہونے کے ناطے، پارٹیلو مازل نے تعصب پر قابو پانے اور کامن گراؤنڈ تلاش کرنے کیلئے یہودیوں اور لاطینی نژاد افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کام کرتے ہيں۔
Transcript
ڈئیگو پارٹیلو مازل: یہ بڑی حیرت انگیز بات ہے کہ لوگ کس طرح جلدی سے ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں، اورہم کس قدر جلد اس بات سے آگاہ ہو جاتے ہیں کہ ان گروپوں کے مابین بہت کچھ مشترک ہوتا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ اُن کی سرحدیں بھی مشترک ہوتی ہیں۔ ہم مکمل طور پر الگ کمیونیٹز نہیں ہيں۔
الیسا فشمین: ڈئیگو پارٹیلو مازل ارجنٹائن میں پیدا ہوئے اور بوسٹن میں بسنے سے پہلے دنیا کے بیشتر ممالک میں رہ چکے ہیں۔ لاطینی یہودی راؤنڈ ٹیبل کا بانی رکن ہونے کے ناطے، پارٹیلو مازل تعصب پر قابو پانے اور کامن گراؤنڈ تلاش کرنے کیلئے یہودیوں اور لاطینی نژاد افراد کو ایک دوسرے سے قریب کرنے کیلئے کام کرتے ہيں۔ سام دشمنی کے خلاف آوازیں میں خوش آمدید۔ یہ یونائیٹڈ اسٹیٹس ھولوکاسٹ میوزیم کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پوڈ کاسٹ سیریز ہے جو اولیور اور ایلزبیتھ اسٹینٹن فاؤنڈیشن کی بھرپور حمایت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ میں آپ کی میزبان، الیسا فشمین ہوں۔ ہر مہینے ہم ان مختلف طریقوں پر روشنی ڈالنے کے لئے ایک مہمان کو دعوت دیتے ہیں جو ہماری دنیا پر اثر انداز ہونے والی سام دشمنی اورنفرت کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ ہیں بوسٹن سے ڈئیگو پارٹیلو مازل۔
ڈئیگو پارٹیلو مازل: لاطینی یہودی راؤنڈ ٹیبل لاطینی پیشہ ورانہ نیٹ ورک اور نیو انگلینڈ چیپٹرکے اینٹی ڈیفے میشن لیگ(ADL) کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا محرک تھا۔ ہم بیک وقت مہاجرین کے خلاف آوازوں اور کمیونٹی میں کچھ دوسرے مسائل کے بارے میں فکر مند تھے۔ اور ہم دونوں کا خیال ہے کہ غلط فہمیاں دور کرنے اور نفرت بڑھانے والی باتوں سے گریز کرنے کا بہترین طریقہ مکالمہ ہے۔ لاطینی امریکن اور ریاستہائے متحدہ امریکہ میں لاطینی مہاجرین میں ایسے کئی لوگ ہيں جو یہودیوں کے متعلق کچھ نہیں جانتے ہيں۔ دوسری طرف مجھے لگتا ہے کہ یہودی کمیونٹی میں ایک گروہ ایسا ہے جو آج ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مہاجرین کی حیثیت سے رہنے کا مطلب نہیں سمجھتے - یہودیوں کی ھجرت بہت پہلے شروع ہوئی تھی، جو بہت ہی مماثل وجوہات کی بناء پر یہاں آئے مگر وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ بھلا دیا گیا یا تبدیل ہوگیا۔
میں نے ایک ایسے گھرانے میں پرورش حاصل کی جو اقوام متحدہ کا حصہ تھا۔ میں دنیا کے مختلف ممالک میں رہا، افریقہ میں، لاطینی امریکہ میں پلا بڑھا اور آخر کار کالج میں پڑھائی کرنے کی خاطر بوسٹن میں بس گیا۔ میرے ماں باپ دونوں غیر مذہبی تھے۔ میری والدہ کا خاندان یہودی ہے۔ میرے والد کا خاندان مسیح کے ظہور ثانی کا معتقد تھا۔ میں موزمبیق پبلک اسکول جاتا تھا جو اُس وقت کمیونسٹ تھا اور مذہب کے بہت خلاف تھا۔ پھر میں برطانوی اسکولوں میں جانے لگا جو انگلیکن تھے۔ لہذا میری پرورش نے مجھے مختلف ثقافتوں سے واقف ہونے کا موقع دیا۔ میرے ماں باپ ہمیشہ کہتے تھے کہ ہم صرف ممالک میں نہیں رہتے، ہمیں ان ممالک کے رہنے والوں سے ضرور کچھ سیکھنا بھی ہے۔
میرے خیال میں میں نے راؤنڈ ٹیبل سے سیکھا ہے کہ آپ لوگوں کے اندر اتنا خلوص پا سکتے ہیں جس کی توقع ہی نہ ہو۔ ہم نے اس سال اینٹی ڈیفے میشن لیگ اور ایک سیڈار کمیوٹنی کے ساتھ باہمی میزبانی کی۔ اس کو متعدد زبانوں میں منعقد کیا گیا۔ مثال کے طور پر کینٹر (گِرجا گھروں ميں گانے والے طائفے کا سربراہ)، ارجنٹائن سے تھا اور سیڈار نے اختتام پر ایک گیت گایا جس کا نام Cancion con Todos ہے۔ یہ گانا ایک آواز میں گانے اور ایک ساتھ تالی بجانے کے بارے میں ہے۔ دل کو کافی چھونے والا گیت تھا۔ کیونکہ ہم نے اس راؤنڈ ٹیبل کا آغاز بہت سی دھمکیوں کے ساتھ کیا تھا کہ یہ بہت خوفناک چیلنج ہے۔ یہ جاننا کہ لوگ اپنے تعصبات کا ازالہ کرنے اور ان کو تسلیم کرنے کیلئے کس حد تک تیار ہیں، میرے لیے باعث تعحب تھا۔ ساری دنیا کے سامنے بچپن سے سکھائے گئے جانبدار خیالات کا اعتراف کرنے کیلئے حیرت انگیز بہادری کی ضرورت ہے خاص طور پر اگر آپ کو عقلی طور پر معلوم ہے کہ یہ خیالات غلط ہیں - خاص طور پر جب آپ ان لوگوں سے مخاطب ہوں جن کے خلاف یہ تعصبات اٹھائے گئے ہیں۔ مگر یہ بات اہم ہے کہ ہم مسلسل اپنے آپ کو یاد دلاتے رہيں کہ یہ ایک کثیر جہتی، کثیر نسلی اور کثیر مذہبی ملک ہے۔ اور یہ تمام آوازیں مل کر ایک نئی امریکی آواز تخلیق کررہے ہیں۔
الیسا فشمین: سام دشمی کے خلاف آوازیں یونائیٹڈ اسٹیٹس ھولوکاسٹ میموریل میزیم کی ایک پاڈ کاسٹ سیریز ہے۔ ہماری آج کی دنیا میں مسلسل جاری سام دشمنی کے بارے میں ایک نیا نقطہ نظر سننے کیلئے ہر ماہ یہ سیریز سماعت فرمائیے۔
ہم چاہیں گے کہ آپ اس سیریز کے بارے میں اپنی رائے ہم تک ضرور پہنچائیں۔ براہ مہربانی ہماری ویب سائیٹ www.ushmm.org دیکھئیے اور سام دشمنی کے خلاف آوازیں کے سروے پر کلک کیجئیے۔ آپ ہماری ویب سائیٹ پر وائسز آن جینوسائیڈ پری وینشن بھی سن سکتے ہیں جو موجودہ نسل کُشی کے بارے میں ایک پاڈ کاسٹ سیریز ہے۔