ڈسٹربڈ نامی ملٹی پلاٹینم ہارڈ راک بینڈ کے کلیدی گلوکار کی حیثیت سے ڈیوڈ ڈریمن ایسے گیت لکھتے تھے جو زیادہ تر ذاتی اور سیاسی نوعیت کے ہوتے تھے۔ بچپن میں سام دشمن کلمات کی وجہ سے اکثر اُن کی جھڑپيں بھی ہوجایا کرتی تھیں۔ بڑے ہو کر انہوں نے اپنے گانے "نیور اگین" میں ہولوکاسٹ سے انکار اور سام دشمنی کو موضوع بنایا ہے۔۔
Transcript
ڈیوڈ ڈریمن: میں اُمید کررہا تھا کہ ہمارے ایسے کچھ مداح جو صرف ہولوکاسٹ کے بارے میں پڑھ چکے ہوں یا اسے کسی وجہ سے مسترد کردیں، انہيں اس بات کا احساس ہو کہ میرے گھر والوں کے ساتھ ایسا ہوا ہے، اور یہ ان کے لئے ایک کہانی سے کہیں زیادہ معنی رکھیں۔
ایلیسا فشمین: ایسے بہت ہی کم ہیوی میٹل گلوکار ہوں گے جنہوں نے یہودی پادری بننے کے لئے تعلیم بھی حاصل کی ہو، لیکن ڈیوڈ ڈریمن نے ایسا ہی کیا۔ ملٹی پلیٹینم ہارڈ راک بینڈ ڈسٹربڈ میں کلیدی گلوکار کی حیثیت سے، ڈیوڈ ڈریمن ذاتی اور سیاسی گانے لکھتے ہيں۔ بچپن میں ان کی سام دشمن کلمات کی وجہ سے اکثر جھڑپيں بھی ہوجایا کرتی تھیں۔ بڑے ہو کر انہوں نے اپنے گانے "نیور اگین" میں ہولوکاسٹ سے انکار اور سام دشمنی کا تذکرہ کیا ہے۔
سام دشمنی کے خلاف آوازیں میں خوش آمدید۔ یہ یونائیٹڈ اسٹیٹس ھولوکاسٹ میوزیم کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پوڈ کاسٹ سیریز ایلزبتھ اور جو اولیور اسٹینٹن فاؤنڈیشن کی بھرپور حمایت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ میں ایلیسا فشمین ہوں۔ ہر مہینے ہم ان مختلف طریقوں پر روشنی ڈالنے کے لئے ایک مہمان کو دعوت دیتے ہیں جن کے ذریعے سام دشمنی اورنفرت ہماری دنیا کو متاثر کرتے ہيں۔ آسٹن، ٹیکساس میں اپنے گھر سے، موسیقار ڈیوڈ ڈریمن سے بات کرتے ہیں۔
ڈیوڈ ڈریمن: کبھی نہیں۔۔۔ کبھی نہیں۔۔۔
ایسے کئی گروہ ہیں جو سمجھتے ہيں کہ مخالفانہ موسیقی دیوار پر سر مارنے کا بہانہ ہے۔ لیکن ایسے کئی بینڈ ہیں جن کا جذبہ سچا ہوتا ہے، چاہے وہ ہماری طرح کا بینڈ ہو یا میٹالیکا یا کورن جیسا بینڈ ہو۔ طرز مخالفانہ ضرور ہوگا لیکن آپ جس موضوع کے بارے میں لکھ رہے ہيں وہ آپ کے دل کے بہت قریب ہے اور گہرائی رکھتا ہے۔
مثال کے طور پر آپ "نیور اگین" جیسا گانا لے ليں۔ جو لوگ اس کا مطلب سمجھتے ہيں اور جنہوں نے ڈسکوری چینل پر ایک پروگرام دیکھا ہو جہاں (ایرانی صدر) احمد نژاد دو طلباء کے ساتھ دورے پر ہیں، جو ان کے ساتھ مل کر کہہ رہے ہیں کہ ہولوکاسٹ بالکل جھوٹ تھا، اس سے آپ کو غصہ آتا ہے، آپ اس طرح کا کوئی گانا سنتے ہيں اور اس سے آپ کا غصہ ٹھنڈا پڑتا ہے اور اسے سیاق و سباق ملتا ہے۔ کبھی ہلکی پھلکی موسیقی آپ کے جذبات کے لئے مناسب نہيں ہوتی ہے۔
ان کی قتل و غارت کی خواہش تھی وہ رک نہيں رہے تھے جب تک میرے گھر والے ختم نہ ہوگئے تھے دنیا پر قبضہ کرنے کا ارادہ آپ سب کی طرح بن کر چھپ نہیں سکتے تھے
میرے نانا اور نانی کیمپ سے زندہ بچ نکلے۔ میرے نانا برجن بیلسن میں وھیل بیرو کی ملازمت پر مامور تھے۔ ان کا کام لاش بھٹی میں لاشیں لے جانا تھا۔ میری نانی جب اوش وٹز میں تھیں، ان کی عمر بہت کم تھی۔ وہ تین دفعہ گیس چیمبر سے بچ نکلیں۔ کیونکہ وہ چھوٹی تھیں، وہاں کے لوگ انہيں اپنی ٹانگوں کے نیچے سے نکل کر دور چلے جانے کو کہتے تھے، اور تیسری بار کے بعد کیمپ کو آزاد کرا لیا گیا۔ اور آپ دیکھ رہے ہیں کہ میڈیا میں کیا ہورہا ہے، آپ احمدی نژاد جیسے لوگوں کو دیکھتے ہيں جو یہودی سازش کی مہم کو ہوا دے رہے ہيں۔ اور میں اپنی نانی کو دیکھتا ہوں، جن کے بائيں بازو پر اب تک ٹیٹو ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ ایک پوری نسل، جو آخری نسل ہے جو یہ کہہ سکتی ہے کہ اس کے ساتھ یہ ہوا ہے، ہم سے چھن جانے والی ہے۔ اور میں صرف کوئی ایسا کام کرنا چاہتا ہوں جس سے لوگوں کو معلوم ہو کہ یہ واقعی ایسا ہوا تھا، اس کی وجہ سے نہ صرف یہودی متاثر ہوئے تھے بلکہ کئی دوسرے لوگ بھی متاثر ہوئے اور اسے بھلایا نہيں جاسکتا ہے۔
کیسے کہہ سکتے ہو کہ ہولوکاسٹ نہ تھا تمہیں لگتا ہے کہ وقت کے ساتھ ان کی یادداشت کمزور ہوگی ایک اور ہٹلر، خوف سے ہراس پھیلا رہا ہے تم اس بار ناکام ہوجاؤ گے اور دنیا دیکھے گی
میرے پاس اور کچھ نہيں باقی ہے بس مجھے اس بات کا فخر ہے میں کہتا ہوں "کبھی نہيں!" ان کا پاگل سماج مجھے ختم نہ کرپایا میرے ساتھ کہو "کبھی نہیں!" کبھی نہيں
مداحوں نے اسے بہت کھلے دل سے قبول کیا ہے۔ مجھے اس کے پیغام پر اور اس کے اثرات پر بہت فخر ہے۔ میری خواہش ہے کہ اس کی وجہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔ آپ کو یقین نہيں آئے گا، میں نے کئی یہودی تنظیموں کو کال کرکے انہيں گانا پیش کرنے کی کوشش کی۔ میں نے ان سے پوچھا کیا آپ کو یہ گانا چاہئیے؟ یہ لیں۔ رکھ لیں۔ میں آپ سے اس کی قیمت نہيں لوں گا۔ اسے استعمال کریں۔ لیکن کوئی اسے استعمال نہيں کرنا چاہتا تھا۔ تو میں نے سوچا کہ میں اسے اپنے پاس ہی رکھ لیتا ہوں۔
میرے والد کا خاندان گیرر ہیسیڈیک یہودی تھا۔ مجھے بتایا جاتا ہے کہ مجھے اپنی آواز اپنے پر دادا سے ملی جو یروشلم میں گیرر ہیسی ڈش کے مدرسے میں ہیڈ کینٹر تھے۔ میں نے 17 سال تالمود اور طناق اور یہودی مذہب سیکھنے میں گزاردئے اور میرے پادری بننے میں صرف دو یا تین سال ہی رہ گئے تھے۔
لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں فرد واحد کی حیثیت سے تقریبا روزانہ دسیوں ہزاروں یا لاکھوں لوگوں کو آزاد کرانے اور ان میں خود اعتمادی کا احساس پیدا کرنے کے سلسلے میں بہت اچھا کام کررہا ہوں۔ یہ لیں۔ یہ خدا کا کام ہے۔
کبھی نہيں… کبھی نہيں۔۔۔
ایلیسا فش مین: سام دشمنی کے خلاف آوازیں یونائیٹڈ اسٹیٹس ہولوکاسٹ میموریل میوزیم کی طرف سے جاری ہونے والے پوڈکاسٹ کا ایک مجموعہ ہے۔ آج کل جاری سام دشمنی کے ایک نئے نظریے کے بارے میں جاننے کے لئے ہر مہینے ہمارے ساتھ رہئیے۔ ہم اس مجموعے کے متعلق آپ کے فیڈ بیک کے منتظر رہيں گے۔ ہماری ویب سائٹ www.ushmm.org پر تشریف لائيں۔
ڈیوڈ ڈریمن: مرنے والی لاتعداد روحوں کے لئے آج رات ہماری آوازيں گونجنے دو میرے ساتھ گاؤ "کبھی نہیں!" لیکن وہ ختم نہيں ہوئے میں سچ کو زندہ رکھوں گا میری بات مانو "کبھی نہيں!"